سلاطین کی پہلی کتاب 7‏:1‏-‏51

  • سلیمان کا محل اور دوسری عمارتیں ‏(‏1-‏12‏)‏

  • ماہر کاریگر حِیرام سلیمان کی مدد کرتے ہیں ‏(‏13-‏47‏)‏

    • تانبے کے دو ستون ‏(‏15-‏22‏)‏

    • دھات کا بڑا حوض ‏(‏23-‏26‏)‏

    • دس ہتھ‌گاڑیاں اور تانبے کے حوض ‏(‏27-‏39‏)‏

  • سونے کی چیزیں بنانے کا کام مکمل ہوتا ہے ‏(‏48-‏51‏)‏

7  سلیمان نے اپنے لیے ایک محل بنوایا اور اُسے مکمل کرنے میں اُنہیں 13 سال لگے۔‏  سلیمان نے ایک گھر بنوایا جو لبنان کے جنگل کا گھر کہلاتا ہے۔ اُس کی لمبائی 100 ہاتھ،‏*‏ چوڑائی 50 ہاتھ اور اُونچائی 30 ہاتھ تھی۔ اُسے دیودار کے ستونوں کی چار قطاروں پر کھڑا کِیا گیا اور ستونوں کے اُوپر دیودار کے شہتیر ڈالے گئے۔  ستونوں کے اُوپر گارڈر بھی رکھے گئے جن پر دیودار کے تختے لگائے گئے۔ اُن کی تعداد 45 تھی یعنی ہر قطار میں 15۔  اُس گھر میں چوکھٹ والی کھڑکیوں کی تین قطاریں تھیں جو اُوپر نیچے تھیں۔ ہر کھڑکی کے سامنے ایک اَور کھڑکی تھی۔  سارے دروازے اور اُن کی چوکھٹیں چوکور*‏ تھیں جیسے وہ کھڑکیاں چوکور تھیں جو تین قطاروں میں ایک دوسرے کے آمنے سامنے تھیں۔‏  اُنہوں نے ایک برآمدہ بھی بنوایا جسے ستونوں کا برآمدہ*‏ کہا جاتا تھا۔ اُس کی لمبائی 50 ہاتھ اور چوڑائی 30 ہاتھ تھی۔ اُس کے سامنے ایک ڈیوڑھی تھی جس میں ستون تھے اور ایک چھجا بھی تھا۔‏  اُنہوں نے ایک اَور برآمدہ بھی بنوایا جہاں وہ عدالت کر سکیں۔ اُسے تخت کا برآمدہ*‏ یا عدالت کا برآمدہ کہا جاتا تھا۔ اُنہوں نے اُس میں فرش سے شہتیروں تک دیودار کے تختے لگوائے۔‏  جس محل میں اُنہوں نے رہنا تھا، اُسے اُس برآمدے*‏ کے پیچھے دوسرے صحن میں بنایا گیا اور اُسے اُسی برآمدے کی طرح بنایا گیا۔ سلیمان نے اُس برآمدے جیسا ایک محل فِرعون کی بیٹی کے لیے بھی بنوایا جس سے اُنہوں نے شادی کی تھی۔‏  سبھی عمارتوں کو بنیاد سے لے کر اُوپر تک اور باہر بڑے صحن تک قیمتی پتھروں سے بنایا گیا جنہیں ناپ کے مطابق کاٹا گیا تھا اور اندر اور باہر سے پتھر کاٹنے کے آرے سے تراشا گیا تھا۔ 10  عمارتوں کی بنیاد بہت بڑے اور قیمتی پتھروں سے ڈالی گئی۔ کچھ پتھر دس ہاتھ کے تھے اور کچھ آٹھ ہاتھ کے۔ 11  اِن کے اُوپر قیمتی پتھر لگائے گئے جنہیں ناپ کے مطابق تراشا گیا تھا اور دیودار کی لکڑی بھی لگائی گئی۔ 12  بڑے صحن کے گِرد تراشے ہوئے پتھروں کے تین ردّے تھے اور دیودار کے شہتیروں کا ایک ردّا تھا جیسے یہوواہ کے گھر کے اندرونی صحن اور گھر کی ڈیوڑھی میں تھا۔‏ 13  بادشاہ سلیمان نے صُور سے حِیرام کو بُلوایا۔ 14  وہ نفتالی کے قبیلے کی ایک بیوہ کے بیٹے تھے اور اُن کے والد صُور سے تھے اور تانبے کا کام کرتے تھے۔ حِیرام تانبے*‏ کے ہر طرح کے کام کے ماہر تھے اور اِس کام کے حوالے سے کافی سمجھ اور تجربہ رکھتے تھے۔ وہ بادشاہ سلیمان کے پاس آئے اور اُن کا سارا کام کِیا۔‏ 15  اُنہوں نے تانبے کو ڈھال کر دو ستون بنائے۔ ہر ستون کی لمبائی 18 ہاتھ تھی اور گھیرا 12 ہاتھ تھا۔‏* 16  اُنہوں نے ستونوں پر رکھنے کے لیے تانبے کو ڈھال کر دو تاج بنائے۔ دونوں تاجوں کی اُونچائی پانچ پانچ ہاتھ تھی۔ 17  ہر ستون کے اُوپر تاج پر جالیاں تھیں جو لپٹی ہوئی زنجیروں سے بنی ہوئی تھیں، سات ایک تاج پر اور سات دوسرے تاج پر۔ 18  اُنہوں نے دونوں ستونوں کے اُوپر لگے تاجوں کو ڈھکنے کے لیے جالیوں کے گِرد اناروں کی دو دو قطاریں بنائیں۔ 19  ڈیوڑھی کے ستونوں کے تاج چار ہاتھ تک سوسن کے پھول کی طرح بنائے گئے تھے۔ 20  دونوں ستونوں کے تاج گول حصے کے بالکل اُوپر تھے جو جالی کے ساتھ تھا۔ ہر تاج کے گِرد قطاروں میں 200 انار تھے۔‏ 21  اُنہوں نے ہیکل*‏ کی ڈیوڑھی میں ستون کھڑے کرائے۔ اُنہوں نے دائیں*‏ طرف ایک ستون کھڑا کرایا اور اُس کا نام یاکن*‏ رکھا اور پھر بائیں*‏ طرف ایک ستون کھڑا کرایا اور اُس کا نام بوعز*‏ رکھا۔ 22  ستونوں کا اُوپر والا حصہ سوسن کے پھولوں کی طرح بنایا گیا۔ اِس طرح ستونوں کا کام مکمل ہوا۔‏ 23  پھر اُنہوں نے دھات کو ڈھال کر ایک بڑا سا حوض*‏ بنایا جو گول تھا۔ اُس کے مُنہ کی چوڑائی ایک کنارے سے دوسرے کنارے تک 10 ہاتھ تھی۔ اُس کی اُونچائی 5 ہاتھ اور گھیرا 30 ہاتھ تھا۔‏* 24  حوض کے مُنہ کے بالکل نیچے ہر طرف سجاوٹ کے لیے کدو بنائے گئے تھے۔ حوض کے گِرد ایک ایک ہاتھ کی جگہ پر دس دس کدوؤں کی دو قطاریں بنائی گئی تھیں جنہیں حوض کے ساتھ ہی ڈھال کر بنایا گیا تھا۔ 25  اُس حوض کو 12 بیلوں پر رکھا گیا تھا جن میں سے 3 کا رُخ شمال کی طرف تھا، 3 کا مغرب کی طرف، 3 کا جنوب کی طرف اور 3 کا مشرق کی طرف۔ سبھی بیلوں کے پچھلے حصوں کا رُخ اندر کی طرف تھا اور حوض کو اِن بیلوں پر ٹکایا گیا تھا۔ 26  حوض کی موٹائی چار اُنگل*‏ تھی۔ اُس کا مُنہ پیالے کے مُنہ کی طرح بنایا گیا تھا جو سوسن کے کِھلے ہوئے پھول کی طرح دِکھتا تھا۔ اُس میں 2000 بت*‏ پانی آ سکتا تھا۔‏ 27  پھر اُنہوں نے تانبے کی دس ہتھ‌گاڑیاں*‏ بنائیں۔ ہر ہتھ‌گاڑی کی لمبائی چار ہاتھ، چوڑائی چار ہاتھ اور اُونچائی تین ہاتھ تھی۔ 28  ہتھ‌گاڑیوں کو اِس طرح بنایا گیا تھا:‏ اِن کی اطراف میں تختے لگائے گئے اور یہ تختے اُن سلاخوں کے بیچ میں لگائے گئے جو لمبائی اور چوڑائی کے رُخ لگی تھیں۔ 29  سلاخوں کے بیچ میں جو تختے تھے، اُن پر شیر، بیل اور کروبی بنائے گئے تھے اور یہی سب سلاخوں پر بھی بنایا گیا تھا۔ شیروں اور بیلوں کے اُوپر نیچے لٹکے ہوئے ہار جیسے بنائے گئے تھے۔ 30  ہر ہتھ‌گاڑی میں تانبے کے چار پہیے اور تانبے کے چار دُھرے*‏ تھے۔ گاڑی کے چار پائے تھے جو پہیوں اور دُھروں کو سہارا دیتے تھے۔ یہ پائے چھوٹے حوض کے نیچے اُسے بھی سہارا دیتے تھے۔ پایوں کی اطراف پر ہار بنائے گئے تھے جنہیں پایوں کے ساتھ ڈھالا گیا تھا۔ 31  حوض کا مُنہ ہتھ‌گاڑی کے اُوپر والے حصے کے اندر تھا اور ایک ہاتھ اُوپر کو نکلا ہوا تھا۔ ہتھ‌گاڑی کا مُنہ گول تھا اور اُس حصے کے ساتھ ملا کر ڈیڑھ ہاتھ اُونچا تھا جو حوض کو سہارا دیتا تھا۔ ہتھ‌گاڑی کے مُنہ پر نقش‌ونگار بنے تھے۔ ہتھ‌گاڑیوں کی اطراف میں جو تختے لگے تھے، وہ گول نہیں بلکہ چوکور تھے۔ 32  ہتھ‌گاڑی کے چاروں پہیے اطراف میں لگے تختوں کے نیچے تھے اور پہیوں کے دُھرے ہتھ‌گاڑی کے ساتھ جُڑے تھے۔ ہر پہیے کی اُونچائی ڈیڑھ ہاتھ تھی۔ 33  پہیوں کو رتھ کے پہیوں کی طرح بنایا گیا تھا۔ اُن کے دُھرے، چکّے، ڈنڈے اور نافیں سب دھات کو ڈھال کر بنائے گئے تھے۔ 34  ہر ہتھ‌گاڑی کے چار کونوں میں چار پائے تھے۔ وہ پائے ہتھ‌گاڑی کے ساتھ ہی ڈھال کر بنائے گئے تھے۔ 35  ہر ہتھ‌گاڑی کے اُوپر ایک گول پتری تھی جس کی اُونچائی آدھا ہاتھ تھی۔ ہتھ‌گاڑی کے اُوپر والے حصے کی چوکھٹیں اور اُس کی اطراف میں لگے تختے ہتھ‌گاڑی کے ساتھ ہی ڈھالے گئے تھے۔ 36  اِس کی چوکھٹوں اور اطراف میں لگے تختوں پر جگہ کے حساب سے کروبی، شیر اور کھجور کے درخت کندہ کیے گئے اور ہر طرف ہار بنائے گئے۔ 37  اِس طرح اُنہوں نے دس ہتھ‌گاڑیاں بنائیں۔ اُن سب کو ایک ہی طرح سے ڈھالا گیا تھا اور وہ ایک ہی ناپ اور شکل کی تھیں۔‏ 38  اُنہوں نے تانبے کے دس چھوٹے حوض بنائے۔ ہر حوض میں 40 بت پانی آ سکتا تھا اور ہر حوض چار ہاتھ کا تھا۔‏*‏ دس ہتھ‌گاڑیوں میں سے ہر ایک کے لیے ایک ایک حوض تھا۔ 39  پھر اُنہوں نے پانچ ہتھ‌گاڑیاں گھر کی دائیں طرف اور پانچ گھر کی بائیں طرف رکھیں اور بڑے حوض کو گھر کی دائیں طرف جنوب مشرق میں رکھا۔‏ 40  حِیرام نے چھوٹے حوض، بیلچے اور کٹورے بھی بنائے۔‏ اِس طرح حِیرام نے یہوواہ کے گھر کے حوالے سے بادشاہ سلیمان کا سارا کام مکمل کِیا۔ اُنہوں نے یہ چیزیں بنائیں:‏ 41  دو ستون، دو ستونوں کے اُوپر دو کٹورانما تاج، ستونوں کے اُوپر دو کٹورانما تاجوں کو ڈھکنے کے لیے دو جالیاں؛ 42  دو جالیوں کے لیے 400 انار یعنی ہر جالی کے لیے اناروں کی دو قطاریں تاکہ دو ستونوں کے دو کٹورانما تاجوں کو ڈھکا جا سکے؛ 43  دس ہتھ‌گاڑیاں اور اُن پر رکھنے کے لیے دس چھوٹے حوض؛ 44  بڑا حوض اور اُس کے نیچے 12 بیل؛ 45  راکھ‌دان، بیلچے، کٹورے اور باقی سب چیزیں جو حِیرام نے بادشاہ سلیمان کے کہنے پر یہوواہ کے گھر کے لیے چمکتے ہوئے تانبے سے بنائیں۔ 46  بادشاہ نے یہ چیزیں اُردن*‏ کے علاقے میں سُکات اور ضرتان کے بیچ مٹی کے سانچوں میں ڈھلوائیں۔‏ 47  سلیمان نے اِن سب چیزوں کا وزن نہیں کِیا کیونکہ اِن کی تعداد بہت زیادہ تھی۔ اِس لیے جو تانبا اِستعمال ہوا تھا، اُس کا وزن معلوم نہیں ہو سکا۔ 48  سلیمان نے یہوواہ کے گھر کے لیے یہ سب چیزیں بنوائیں:‏ سونے کی قربان‌گاہ؛ سونے کی میز جس پر نذرانے کی روٹی رکھی جاتی تھی؛ 49  خالص سونے کے شمع‌دان جن میں سے پانچ سب سے اندر والے کمرے کے سامنے دائیں طرف رکھے تھے اور پانچ بائیں طرف؛ سونے کے کِھلے ہوئے پھول، چراغ اور چمٹیاں؛ 50  خالص سونے کے چھوٹے حوض، بتی کاٹنے والی قینچیاں، کٹورے، پیالے اور کوئلہ‌دان اور اندر والے کمرے یعنی مُقدس‌ترین خانے کے دروازوں اور مُقدس خانے*‏ کے دروازوں کے لیے سونے کے قبضے۔‏ 51  اِس طرح بادشاہ سلیمان نے یہوواہ کے گھر کے لیے وہ سارا کام مکمل کِیا جو اُنہیں کرنا تھا۔ پھر سلیمان وہ چیزیں لائے جو اُن کے والد داؤد نے پاک کی تھیں اور اُنہوں نے چاندی، سونا اور باقی سب چیزیں یہوواہ کے گھر کے خزانوں میں رکھ دیں۔‏

فٹ‌ نوٹس

ایک ہاتھ 5.‏44 سینٹی میٹر (‏5.‏17 اِنچ)‏ کے برابر تھا۔ ”‏اِضافی مواد“‏ میں حصہ 14.‏2 کو دیکھیں۔‏
یا ”‏چار اطراف والی؛ مستطیل“‏
یا ”‏ڈیوڑھی“‏
یا ”‏ڈیوڑھی“‏
عبرانی میں:‏ ”‏برآمدے کے گھر“‏
یا ”‏کانسی۔“‏ اِس آیت اور اِس باب کی اگلی آیتوں میں جہاں تانبے کا ذکر ہے، وہ کانسی بھی ہو سکتی ہے۔‏
یا ”‏اور اِس کا گھیرا ناپنے کے لیے 12 ہاتھ لمبی ڈوری لگتی تھی۔“‏
یا ”‏شمالی“‏
شاید اِس کا معنی ہے:‏ ”‏طاقت سے۔“‏
معنی:‏ ”‏وہ ‏[‏یعنی یہوواہ‏]‏ مضبوطی سے قائم کرے۔“‏
یا ”‏جنوبی“‏
یہاں مُقدس خانے کی بات ہو رہی ہے۔‏
عبرانی میں:‏ ”‏ایک سمندر“‏
یا ”‏اور اِس کا گھیرا ناپنے کے لیے 30 ہاتھ لمبی ڈوری لگتی تھی۔“‏
تقریباً 4.‏7 سینٹی میٹر (‏9.‏2 اِنچ)‏۔ ”‏اِضافی مواد“‏ میں حصہ 14.‏2 کو دیکھیں۔‏
ایک بت 22 لیٹر (‏18.‏5 گیلن)‏ کے برابر تھا۔ ”‏اِضافی مواد“‏ میں حصہ 14.‏2 کو دیکھیں۔‏
یا ”‏پانی والی گاڑیاں“‏
یعنی وہ سلاخ جس پر پہیا گھومتا ہے
یا ”‏ہر حوض کا قطر چار ہاتھ تھا۔“‏
یا ”‏یردن“‏
عبرانی میں:‏ ”‏ہیکل کے گھر“‏