مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

کیا آپ کو معلوم ہے؟‏

کیا آپ کو معلوم ہے؟‏

قدیم زمانے میں ایک مختار کا کیا کام ہوتا تھا؟‏

قدیم زمانے میں ایک مختار کسی دوسرے شخص کے گھر کے اِنتظامات سنبھالتا یا اُس کی جائیداد کی نگرانی کرتا تھا۔‏

جب یعقوب کے بیٹے یوسف مصر میں غلام تھے تو اُن کے آقا نے اُنہیں اپنے گھر کا مختار مقرر کِیا۔‏ دراصل اُن کے آقا نے ”‏اپنا سب کچھ یوؔسف کے ہاتھ میں چھوڑ دیا۔‏“‏ (‏پید 39:‏2-‏6‏)‏ بعد میں جب یوسف خود مصر میں ایک طاقت‌ور حاکم بن گئے تو اُنہوں نے بھی اپنے گھر کا اِنتظام سنبھالنے کے لیے ایک مختار رکھ لیا۔‏—‏پید 44:‏4‏۔‏

یسوع کے زمانے میں زمین‌داروں کی رہائش عموماً اُن کے کھیتوں سے دُور ہوتی تھی۔‏ اِس لیے وہ لوگ مختاروں کو مقرر کرتے تھے۔‏ یہ مختار باقاعدگی سے اُن مزدوروں کی نگرانی کرتے تھے جو اُن زمین‌داروں کے کھیتوں میں کام کرتے تھے۔‏

ایک شخص کو کس بِنا پر مختار مقرر کِیا جاتا تھا؟‏ پہلی صدی عیسوی کے رومی مصنف کولومیلا نے کہا کہ اُس غلام کو مختار مقرر کِیا جاتا تھا جو غلام کے طور پر ”‏اپنا کام اچھی طرح کر رہا ہوتا تھا۔‏“‏ وہ ایسا شخص ہونا چاہیے تھا جو ”‏نہ تو اپنے ماتحت کام کرنے والوں کو ڈھیل دے اور نہ ہی اُن پر ظلم کرے۔‏“‏ کولومیلا نے مزید کہا:‏ ”‏سب سے ضروری یہ تھا کہ وہ یہ نہ سوچے کہ مجھے سب کچھ آتا ہے اور اُس میں نئی باتیں سیکھنے کا شوق ہو۔‏“‏

پاک کلام میں ایک مختار کی مثال دے کر سمجھایا گیا ہے کہ کلیسیا میں ہونے والے کچھ کام کیسے انجام دیے جانے چاہئیں۔‏ مثال کے طور پر پطرس رسول نے مسیحیوں کو سمجھایا کہ اُنہیں خدا کی طرف سے ملنے والی نعمتوں کو کیسے اِستعمال کرنا چاہیے۔‏ اُنہوں نے کہا کہ وہ اِن نعمتوں کو ’‏خدا کی عظیم رحمت کے اچھے مختاروں‘‏ کے طور پر ”‏ایک دوسرے کی خدمت کرنے کے لیے اِستعمال کریں۔‏“‏—‏1-‏پطر 4:‏10‏۔‏

یسوع نے بھی کچھ موقعوں پر ایک مختار کا ذکر کِیا۔‏ جیسے کہ لُوقا 16:‏1-‏8 میں اُنہوں نے ایک خادم کی مثال دی جس نے اپنے مالک کے سارے معاملات سنبھالے ہوئے تھے۔‏ اِس کے علاوہ جب یسوع نے اپنے پیروکاروں کو بتایا کہ اُن کی موجودگی کی کیا نشانی ہوگی تو اُنہوں نے اُنہیں یقین دِلایا کہ وہ ایک ”‏وفادار اور سمجھ‌دار غلام“‏ یا ’‏وفادار مختار‘‏ کو مقرر کریں گے۔‏ اِس مختار کی سب سے اہم ذمےداری یہ ہے کہ وہ آخری زمانے کے دوران مسیح کے پیروکاروں کو باقاعدگی سے روحانی کھانا فراہم کرے۔‏ (‏متی 24:‏45-‏47؛‏ لُو 12:‏42‏)‏ یہ وفادار مختار بائبل پر مبنی مطبوعات تیار کرتا ہے اور اِنہیں دُنیا بھر میں پہنچانے کا اِنتظام کرتا ہے۔‏ ہم یہوواہ کے بےحد شکرگزار ہیں کہ وہ وفادار مختار کے ذریعے ہمیں ایسی معلومات فراہم کر رہا ہے جن سے ہمارا ایمان مضبوط ہوتا ہے۔‏