مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

سرِورق کا موضوع:‏ اپنوں کی موت کا غم کیسے سہیں؟‏

مُردے زندہ ہو جائیں گے!‏

مُردے زندہ ہو جائیں گے!‏

کیا آپ کو یاد ہے کہ دوسرے مضمون میں گیل نامی ایک خاتون نے کہا تھا کہ وہ اپنے شوہر رابرٹ کی موت کا غم کبھی بُھلا نہیں پائیں گی۔‏ لیکن اُن کا ایمان ہے کہ خدا اِس دُنیا کو بہت جلد فردوس بنا دے گا جس میں وہ اپنے شوہر سے دوبارہ ملیں گی۔‏ گیل کو خدا کے کلام میں درج یہ آیتیں بہت پسند ہیں:‏ ”‏خدا خود اُن کے ساتھ ہوگا۔‏ اور وہ اُن کے سارے آنسو پونچھ دے گا اور نہ موت رہے گی،‏ نہ ماتم،‏ نہ رونا،‏ نہ درد۔‏ جو کچھ پہلے ہوتا تھا،‏ وہ سب ختم ہو گیا۔‏“‏—‏مکا‌شفہ 21:‏3،‏ 4‏۔‏

گیل نے بتایا:‏ ”‏یہ واقعی بہت شان‌دار وعدہ ہے۔‏ مجھے اُن لوگوں پر بڑا ترس آتا ہے جو اپنے پیاروں کی موت کی وجہ سے دُکھی ہیں مگر وہ اِس وعدے کو نہیں جانتے کہ خدا اُن کے پیاروں کو زندہ کر دے گا۔‏“‏ اِس لیے گیل اپنا بہت سا وقت دوسروں کو یہ بتانے میں صرف کرتی ہیں کہ بہت جلد موت کا نام‌ونشان مٹا دیا جائے گا۔‏

ایوب کو یقین تھا کہ خدا اُنہیں دوبارہ زندہ کرے گا۔‏

شاید یہ بات آپ کو ناممکن سی لگے۔‏ لیکن قدیم زمانے کے نبی ایوب کی مثال سے پتہ چلتا ہے کہ یہ ناممکن نہیں ہے۔‏ پاک کلام میں بتایا گیا ہے کہ ایوب سخت بیمار ہو گئے تھے۔‏ (‏ایوب 2:‏7‏)‏ اِس کی وجہ سے وہ اِتنی تکلیف میں تھے کہ وہ مر جانا چاہتے تھے۔‏ مگر اُنہیں پورا یقین تھا کہ خدا اُنہیں دوبارہ زندہ کر سکتا ہے۔‏ اُنہوں نے کہا:‏ ”‏کاش کہ تُو مجھے پاتال میں چھپا لیتا۔‏ .‏ .‏ .‏ تُو آواز دے گا اور مَیں تجھے جواب دوں گا؛‏ تُو اپنے ہاتھوں سے بنائی ہوئی مخلوق کی طرف متوجہ ہوگا۔‏“‏ (‏ایوب 14:‏13،‏ 15‏،‏ نیو اُردو بائبل ورشن‏)‏ ایوب کو پورا بھروسا تھا کہ خدا اُنہیں یاد رکھے گا اور اُنہیں ضرور زندہ کرے گا۔‏

بہت جلد خدا اِس زمین کو فردوس بنا دے گا اور ایوب اور بےشمار مُردوں کو زندہ کرے گا۔‏ (‏لُوقا 23:‏42،‏ 43‏)‏ پاک کلام میں وعدہ کِیا گیا ہے کہ ”‏خدا نیکوں اور بدوں دونوں کو زندہ کرے گا۔‏“‏ (‏اعمال 24:‏15‏)‏ یسوع مسیح نے بھی کہا:‏ ”‏اِس بات پر حیران نہ ہوں کیونکہ وہ وقت آئے گا جب سب لوگ جو قبروں میں ہیں،‏ اُس کی آواز سنیں گے اور نکل آئیں گے۔‏“‏ (‏یوحنا 5:‏28،‏ 29‏)‏ ایوب بھی اُن لوگوں میں شامل ہوں گے جو قبروں میں سے نکل آئیں گے۔‏ اُن کی جوانی لوٹ آئے گی اور اُن کا ”‏جسم بچے کے جسم سے بھی تازہ ہوگا۔‏“‏ (‏ایوب 33:‏24،‏ 25‏)‏ یہ برکت صرف ایوب کو ہی نہیں بلکہ اُن تمام لوگوں کو ملے گی جو خدا کے اِس وعدے پر ایمان رکھتے ہیں کہ وہ مُردوں کو زندہ کرے گا‏۔‏

یہ ساری باتیں جن پر ہم نے غور کِیا ہے،‏ شاید آپ کے غم کو مکمل طور پر دُور نہ کر سکیں۔‏ لیکن خدا کے کلام میں درج وعدوں پر غور کرنے سے آپ کو اپنے پیاروں سے دوبارہ ملنے کی اُمید ملے گی اور یوں آپ زندگی میں آگے بڑھنے کی ہمت پائیں گے۔‏—‏1-‏تھسلُنیکیوں 4:‏13‏۔‏

کیا آپ اپنے غم پر قابو  پانے  کے  سلسلے  میں  مزید  معلومات  حاصل  کرنا  چاہتے ہیں؟‏  یا کیا اِس حوالے سے آپ کے کچھ سوال ہیں جیسے کہ ”‏خدا نے ابھی تک بُرائی اور دُکھ تکلیف کو ختم کیوں نہیں کِیا؟‏‏“‏ اگر ایسا ہے تو ہماری ویب‌سائٹ jw.org پر  جائیں۔‏ وہاں آپ کو خدا کے کلام سے ایسے سوالوں کے تسلی‌بخش جواب ملیں گے۔‏