مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

منصوبہ بنائیں اور اپنی محنت کا پھل پائیں

منصوبہ بنائیں اور اپنی محنت کا پھل پائیں

ماریا اسبیل جنوبی امریکہ کے ملک چلی میں رہتی ہے۔‏ وہ بڑے جوش سے مُنادی کے کام میں حصہ لیتی ہے۔‏ اُس کی مادری زبان ماپو ڈنگن ہے۔‏ اُس نے اور اُس کے گھر والوں نے اِس زبان کی ایک کلیسیا قائم کرنے میں دوسرے بہن‌بھائیوں کے ساتھ مل کر بہت کام کِیا۔‏

جب ماریا نے سنا کہ یسوع مسیح کی یادگاری تقریب ماپوڈنگن زبان میں بھی ہوگی اور اِس زبان میں ۲۰۰۰ دعوت‌نامے بھی چھاپے گئے ہیں تو اُس نے سوچا کہ وہ بھی یہ دعوت‌نامے تقسیم کرنے میں بڑھ‌چڑھ کر حصہ لے گی۔‏ اُس کو یاد آنے لگا کہ اُس نے ہماری کتابوں اور رسالوں میں ایسے نوجوانوں کے تجربے پڑھے ہیں جنہوں نے بڑی کامیابی سے اپنے ہم جماعتوں اور اُستادوں کو گواہی دی۔‏ ماریا نے اپنے امی‌ابو سے بھی اِس بارے میں بات کی اور وہ سب مل کر اِس فیصلے پر پہنچے کہ ماریا کو منصوبہ بنانا چاہئے کہ وہ اپنے سکول میں دعوت‌نامے کیسے تقسیم کرے گی۔‏ ماریا نے اپنے منصوبے پر عمل کیسے کِیا؟‏

پہلے تو ماریا نے سکول کی انتظامیہ سے اجازت مانگی کہ وہ سکول کے دروازے پر یسوع مسیح کی یادگاری تقریب کا دعوت‌نامہ لگانا چاہتی ہے۔‏ سکول کی انتظامیہ نے ماریا کے جذبے کی تعریف کی اور اُس کو دعوت‌نامہ لگانے کی اجازت دے دی۔‏ پرنسپل نے بھی ایک صبح سکول کی اسمبلی میں سب کو اِس دعوت‌نامے کے بارے میں بتایا۔‏

ماریا ہر کلاس کے اُستاد سے اجازت مانگ کر کلاسوں میں بھی گئی۔‏ اُس نے ہر کلاس کے بچوں سے پوچھا:‏ ”‏کیا آپ میں سے کوئی ماپوڈنگن زبان بولتا ہے؟‏“‏ ماریا کہتی ہے:‏ ”‏مجھے لگتا تھا کہ پورے سکول میں صرف۱۰ یا ۱۵ بچے ایسے ہوں گے جو ماپوڈنگن زبان بولتے ہیں۔‏ لیکن وہ تو اِس سے بہت زیادہ تھے۔‏ مَیں نے پورے سکول میں ۱۵۰ دعوت‌نامے دئے۔‏“‏

‏”‏وہ آنٹی سوچ رہی تھیں کہ وہ کسی بڑے سے ملیں گی“‏

ایک عورت نے سکول کے دروازے پر یسوع مسیح کی یادگاری تقریب کا دعوت‌نامہ دیکھ کر معلومات کیں کہ اِس تقریب پر جانے کے لئے اُسے کس سے بات کرنی ہوگی۔‏ جب اُس عورت کو دس سالہ ماریا سے ملوایا گیا تو وہ بہت حیران ہوئی۔‏ ماریا نے مسکراتے ہوئے بتایا:‏ ”‏وہ آنٹی سوچ رہی تھیں کہ وہ کسی بڑے سے ملیں گی۔‏“‏ ماریا نے اُس عورت کو دعوت‌نامہ دیا اور اِس کے بارے میں تھوڑی سی بات کی۔‏ اِس کے بعد ماریا نے عورت سے اُس کے گھر کا پتہ پوچھا تاکہ وہ اپنے امی‌ابو کے ساتھ اُس کے پاس جا سکے اور اُسے خدا کی بادشاہت کے بارے میں اَور باتیں بتا سکے۔‏ ذرا سوچیں کہ جب ماپوڈنگن بولنے والے ۲۰ مبشروں نے ۲۷ نئے لوگوں کو یسوع مسیح کی یادگاری تقریب پر دیکھا تو اُنہیں کتنی خوشی ہوئی ہوگی!‏ اِن ۲۷ لوگوں میں وہ عورت بھی تھی جس سے ماریا ملی تھی۔‏ اب ماپوڈنگن زبان کی ایک کلیسیا بن چکی ہے جو بہت ترقی کر رہی ہے۔‏

کیا آپ بھی ماریا جیسا جذبہ دِکھائیں گے اور اپنے ہم‌جماعتوں یا اپنے ساتھ کام کرنے والوں کو یادگاری تقریب،‏ عوامی تقریر یا صوبائی اجتماع پر آنے کی دعوت دیں گے؟‏ کیوں نہ ہماری کتابوں اور رسالوں میں ایسے تجربے ڈھونڈیں جن سے آپ دیکھ سکیں کہ آپ لوگوں کو دعوت دینے کے لئے کون کون‌سے طریقے استعمال کر سکتے ہیں؟‏ یہوواہ خدا سے پاک روح بھی مانگیں تاکہ آپ دلیری سے دوسروں کو اُس کے بارے میں بتا سکیں۔‏ (‏لو ۱۱:‏۱۳‏)‏ اگر آپ ایسا کریں گے اور پہلے سے منصوبہ بنائیں گے کہ آپ لوگوں کو دعوت کیسے دیں گے تو آپ کو اپنی محنت کا پھل ضرور ملے گا۔‏