مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

سبق 9

آپ گھریلو زندگی کو خوشگوار کیسے بنا سکتے ہیں؟‏

آپ گھریلو زندگی کو خوشگوار کیسے بنا سکتے ہیں؟‏

1.‏ شادی کا بندھن کس صورت میں خوشگوار ہوگا؟‏

خوشخبری یہوواہ خدا کی طرف سے ہے جو خوشی کا خدا ہے۔‏ (‏1-‏تیمتھیس 1:‏11‏)‏ اُس نے شادی کے بندوبست کا آغاز کِیا۔‏ وہ چاہتا ہے کہ ہماری گھریلو زندگی خوشگوار ہو۔‏ یہ بہت ضروری ہے کہ مرد اور عورت قانونی تقاضوں کے مطابق شادی کریں۔‏ اِس طرح اُن کا بندھن زیادہ مضبوط ہوگا اور اُن کے بچے ایک خوشگوار ماحول میں پرورش پائیں گے۔‏ خدا کے بندوں کو اپنے ملک کے قانون کے مطابق اپنی شادی رجسٹر کروانی چاہئے۔‏ لوقا 2:‏1،‏ 4،‏ 5 کو پڑھیں۔‏

خدا شادی کو زندگی بھر کا بندھن خیال کرتا ہے۔‏ یہوواہ خدا چاہتا ہے کہ شوہر اور بیوی ایک دوسرے کے وفادار رہیں۔‏ (‏عبرانیوں 13:‏4‏)‏ اُسے طلاق سے نفرت ہے۔‏ (‏ملاکی 2:‏16‏)‏ لیکن وہ اپنے بندوں کو اُس صورت میں طلاق لینے اور کسی اَور سے شادی کرنے کی اجازت دیتا ہے اگر اُن کا جیون‌ساتھی زِناکاری کرے۔‏ متی 19:‏3-‏6،‏ 9 کو پڑھیں۔‏

2.‏ شوہر اور بیوی کو ایک دوسرے سے کیسے پیش آنا چاہئے؟‏

یہوواہ خدا نے مرد اور عورت کو اِس لئے بنایا کہ وہ ایک دوسرے کے مددگار ہوں۔‏ (‏پیدایش 2:‏18‏)‏ شوہر گھر کا سربراہ ہے اِس لئے اپنے بیوی‌بچوں کی ضروریات پوری کرنا اور اُن کو خدا کے بارے میں تعلیم دینا خاص طور پر اُس کی ذمہ‌داری ہے۔‏ اُسے صرف اپنے فائدے کا نہیں بلکہ اپنی بیوی کے فائدے کا بھی سوچنا چاہئے۔‏ میاں‌بیوی کو ایک دوسرے سے محبت اور احترام سے پیش آنا چاہئے۔‏ شوہر اور بیوی دونوں غلطیاں کرتے ہیں اِس لئے اُنہیں ایک دوسرے کو معاف کرنا چاہئے۔‏ یوں اُن کی گھریلو زندگی خوشگوار رہے گی۔‏ افسیوں 4:‏31،‏ 32؛‏ 5:‏22-‏25،‏ 33؛‏ 1-‏پطرس 3:‏7 کو پڑھیں۔‏

3.‏ اگر آپ کی شادی‌شُدہ زندگی میں مسئلے ہوں تو کیا آپ کو علیٰحدگی اختیار کرنی چاہئے؟‏

اگر آپ کی شادی‌شُدہ زندگی میں مسئلے ہوں تو آپ دونوں کو ایک دوسرے کے ساتھ محبت سے پیش آنے کی کوشش کرنی چاہئے۔‏ (‏1-‏کرنتھیوں 13:‏4،‏ 5‏)‏ خدا کے کلام کے مطابق میاں‌بیوی کے اختلافات کا حل علیٰحدگی نہیں ہے۔‏ 1-‏کرنتھیوں 7:‏10-‏13 کو پڑھیں۔‏

4.‏ خدا بچوں کے لئے کیا چاہتا ہے؟‏

یہوواہ خدا آپ بچوں کے لئے چاہتا ہے کہ آپ خوش رہیں۔‏ اِس لئے وہ آپ کو بتاتا ہے کہ آپ خوشی کی زندگی کیسے گزار سکتے ہیں۔‏ یہوواہ خدا جانتا ہے کہ آپ کے ماں‌باپ آپ سے زیادہ سمجھ‌دار اور تجربہ‌کار ہیں اِس لئے وہ چاہتا ہے کہ آپ اُن سے سیکھیں۔‏ (‏کلسیوں 3:‏20‏)‏ یہوواہ خدا یہ بھی چاہتا ہے کہ آپ اُس کی اور یسوع مسیح کی مرضی پر چلیں کیونکہ اِس سے آپ کو سچی خوشی ملے گی۔‏ واعظ 11:‏9–‏12:‏1؛‏ متی 19:‏13-‏15؛‏ 21:‏15،‏ 16 کو پڑھیں۔‏

5.‏ آپ اپنے بچوں کے لئے خوشگوار زندگی کی بنیاد کیسے ڈال سکتے ہیں؟‏

آپ کو محنت کرنی چاہئے تاکہ آپ اپنے بچوں کے لئے کھانےپینے،‏ پہننے اور رہنے کا اِنتظام کر سکیں۔‏ (‏1-‏تیمتھیس 5:‏8‏)‏ لیکن آپ کے بچے اُسی صورت میں حقیقی خوشی حاصل کر پائیں گے اگر آپ اُن کے دل میں خدا کی محبت ڈالیں گے اور اُنہیں خدا کی راہوں کی تعلیم دیں گے۔‏ (‏افسیوں 6:‏4‏)‏ جب بچے دیکھتے ہیں کہ آپ خدا سے محبت رکھتے ہیں تو وہ آپ کی مثال سے سیکھیں گے۔‏ اور اگر آپ خدا کے کلام کے مطابق اُن کی تربیت کریں گے تو اُن کی سوچ اور رویے پر اچھا اثر پڑے گا۔‏ استثنا 6:‏4-‏7؛‏ امثال 22:‏6 کو پڑھیں۔‏

اگر آپ بچوں کا حوصلہ بڑھائیں گے اور اُن کو شاباش دیں گے تو اُنہیں بڑا فائدہ ہوگا۔‏ بچوں کو تربیت اور درستی کی بھی ضرورت ہے۔‏ اِس طرح وہ ایسے کاموں سے بچے رہیں گے جن سے وہ مایوسی اور پریشانی کا شکار ہو سکتے ہیں۔‏ (‏امثال 22:‏15‏)‏ البتہ بچوں کی درستی کرتے وقت اُن پر نہ تو حد سے زیادہ سختی کریں اور نہ ہی تشدد کریں۔‏ کلسیوں 3:‏21 کو پڑھیں۔‏

یہوواہ کے گواہوں نے بچوں اور والدین کے لئے کئی کتابیں شائع کی ہیں۔‏ اِن میں پاک کلام کے ایسے اصول دئے گئے ہیں جو زندگی کو خوشگوار بنانے کے لئے بہت فائدہ‌مند ہیں۔‏ زبور 19:‏7،‏ 11 کو پڑھیں۔‏