مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

الی‌جانڈرا کا ایک خط

الی‌جانڈرا کا ایک خط

بادشاہتی مُناد رپورٹ دیتے ہیں

الی‌جانڈرا کا ایک خط

خط لکھنا گواہی دینے کا ایک مؤثر ذریعہ ہے۔‏ بعض‌اوقات شاید اسکے فوری نتائج حاصل نہ ہوں تاہم جنہوں نے مستقل‌مزاجی سے خط لکھنا جاری رکھا ہے اُنہیں بہت زیادہ برکات حاصل ہوئی ہیں۔‏ وہ بائبل کی اس دانشمندانہ مشورت کو یاد رکھتے ہیں:‏ ”‏صبح کو اپنا بیج بو اور شام کو بھی اپنا ہاتھ ڈھیلا نہ ہونے دے کیونکہ تُو نہیں جانتا کہ اُن میں سے کون سا بارور ہوگا۔‏ یہ یا وہ یا دونوں کے دونوں برابر برومند ہونگے۔‏“‏—‏واعظ ۱۱:‏۶‏۔‏

الی‌جانڈرا جو گزشتہ دس سال سے میکسیکو میں یہوواہ کے گواہوں کے برانچ آفس میں خدمت کرتی رہی تھی اب کینسر کیلئے کیموتھراپی کروا رہی تھی۔‏ اُسکی حالت مزید خراب ہو گئی اور وہ اتنی کمزور ہو گئی کہ اُس کیلئے اپنے معمول کے کام انجام دینا مشکل ہو گیا۔‏ تاہم،‏ الی‌جانڈرا اپنی خدمتگزاری سے غفلت برتنا نہیں چاہتی تھی لہٰذا اُس نے خطوط لکھنے کا فیصلہ کِیا۔‏ وہ اپنے خط میں مُفت گھریلو بائبل مطالعے کے بندوبست کا ذکر کرتی تھی اور اس میں اپنی والدہ کا ٹیلی‌فون نمبر بھی لکھ دیتی تھی۔‏ پھر وہ یہ خط اپنی ماں کو دے دیتی تاکہ گھرباگھر کی خدمتگزاری کے دوران جو لوگ گھروں پر نہیں ملتے وہ اُنکے ہاں یہ خط چھوڑ دے۔‏

اسی دوران،‏ گواٹیمالا سے ایک نوعمر لڑکی ڈیوجانی،‏ میکسیکو کے شہر کانکم میں کسی کے گھر کام کرنے کیلئے آئی تھی۔‏ وہاں اُسکی ملاقات یہوواہ کے گواہوں سے ہوئی اور وہ اُنکے ساتھ بائبل سے بات‌چیت کرکے بڑی خوش تھی۔‏ کچھ عرصہ بعد جنکے پاس وہ کام کرتی تھی اُنہوں نے میکسیکو شہر منتقل ہونے کا فیصلہ کِیا اور وہ چاہتے تھے کہ ڈیوجانی بھی اُنکے ساتھ چلے۔‏ مگر ڈیوجانی ڈرتی تھی کہ کہیں اُسکا یہوواہ کے گواہوں کیساتھ رابطہ ختم نہ ہو جائے۔‏

اُن دونوں میاں‌بیوی نے اُسے یقین دلایا کہ ”‏وہاں بھی بہت سے یہوواہ کے گواہ ہیں۔‏ ہم تمہارے لئے اُنہیں تلاش کرینگے۔‏“‏ اس وعدے کیساتھ ڈیوجانی اُنکے ساتھ جانے کو تیار ہو گئی۔‏ میکسیکو شہر پہنچ کر اُن دونوں نے گواہوں کو بہت تلاش کِیا مگر کسی وجہ سے وہ اپنی کوشش میں ناکام رہے حالانکہ اُس شہر میں ۰۰۰،‏ ۴۱ سے زائد گواہ اور ۷۳۰ کلیسیائیں ہیں۔‏

جلد ہی ڈیوجانی گواہوں کو تلاش کرنے میں ناکامی کے باعث بےحوصلہ ہونے لگی کیونکہ اُسکے بائبل مطالعے کا حرج ہو رہا تھا۔‏ ایک دن اُسکی مالکن نے کہا:‏ ”‏تمہارے لئے ایک خوشخبری ہے!‏ تمہارے خدا نے تمہاری دُعائیں سُن لی ہیں۔‏“‏ ڈیوجانی کو ایک خط دیکر اُس نے کہا:‏ ”‏گواہ تمہارے لئے یہ خط چھوڑ گئے ہیں۔‏“‏ یہ خط الی‌جانڈرا کی طرف سے آیا تھا۔‏

ڈیوجانی نے الی‌جانڈرا کی ماں اور اُسکی بہن بلانکا سے ملاقات کی اور بائبل مطالعہ شروع ہو گیا۔‏ کچھ ہفتوں بعد،‏ اُسکی ملاقات الی‌جانڈرا سے ہوئی۔‏ اُس نے ڈیوجانی کی حوصلہ‌افزائی کی کہ وہ بائبل مطالعہ کرتی رہے تاکہ روحانی طور پر ترقی کر سکے۔‏

چند مہینوں بعد،‏ جولائی ۲۰۰۳ میں الی‌جانڈرا کی وفات ہو گئی۔‏ اُس نے اپنے ساتھی ایمانداروں کیلئے ایمان اور حوصلے کا اچھا نمونہ چھوڑا۔‏ اُسکی تدفین کے وقت بہت سے لوگوں کی ڈیوجانی سے ملاقات ہوئی اور وہ اُسکی اس بات سے بڑے متاثر ہوئے:‏ ”‏الی‌جانڈرا اور اُسکا خاندان میرے لئے ایک شاندار نمونہ رہے ہیں۔‏ مَیں جلد ہی بپتسمہ لینے اور یہوواہ کی خدمت کرنے کا عزم رکھتی ہوں۔‏ مَیں آنے والے فردوس میں الی‌جانڈرا سے ملنے کی متمنی ہوں!‏“‏

سچ ہے کہ ایک خط شاید بظاہر معمولی سی چیز دکھائی دے مگر اسکے نتائج کتنے عمدہ اور دائمی ہو سکتے ہیں!‏